Sunday, November 29, 2009

وزیر اعظم کے نام ایک خط

  انتہائی قابل احترام وزیر اعظم صاحب،

  سال 2009 دھیرے دھیرے مٹھی میں بند ریت کی طرح پھسلتا گیا اور اب سال کا آخری مہینہ دسمبربھی رخصت ہوا چاہتا ہے، صرف دو روز اور پھر یہ سال بھی وقت کی گہری کھائی میں اتر جائے گا۔ سال 2009 کوحکومت نے ماحول کا قومی سال قرار دیا تھا لہذا ماحول سے منسوب اس سال کی رخصتی سے پہلے کچھ باتیں آپ سے کرنا چاہ رہی ہوں۔

  محترم ، آپ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم ہیں، ملک کے سب سے مقتدر عہدے پر فائز گویا ملک کے کرتا دھرتا آپ ہی ہیں لہذاان اہم مسائل کے لیے ہمیں آپ ہی کی طرف دیکھنا ہوگا۔  اگرچہ کہ ان مسائل کا تعلق این آر او، کرپشن یا سیاسی پیش گوئیوں سے بالکل بھی نہیں ہے اور نہ ہی ان کا تعلق کسی کے آنے اور جانے سے ہے ، یہ مسائل تو دراصل ملک و قوم کی بقا سے متعلق ہیں گویا اصل مسائل یہ ہی ہیں۔



  محترم، آپ یقینا جانتے ہوں گے کہ ماحولیاتی مسائل اب دنیا بھر کی حکومتوں کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں، آپ حالیہ کوپن ہیگن کانفرنس کے نتائج سے بھی باخبر ہوں گے۔  یقینا یہ حقیقت بھی آپ سے ڈھکی چھپی نہیں ہوگی کہ پاکستان کا شمار فضا کوآلودہ کرنے والے ممالک میں بہت نیچے ہے لیکن موسموں کی بے ترتیبی سے ہونے والے نقصانات کا شکار ملکوں کی فہرست میں بہت اوپرہے۔  دست قدرت نے پاکستان کو دل کھول کروسائل سے نوازا ہے، پہاڑوں میں موجود گلیشیئروں سے لے کر بحیرہ عرب کے ساحلوں تک بیش بہا قدرتی وسائل ہمارے ملک کے طول و عرض میں موجود ہیں۔  ایک محتاط اندازے کے مطابق قطبین کے بعد شاید سب سے زیادہ گلیشیئرز ہمارے بالائی علاقوں میں ہی موجود ہیں۔  یہ گلیشیئرز ہمارے آبی وسائل کا سرچشمہ ہیں لیکن موسموں کی بے ترتیبی(Climate Change)  سب سے زیادہ ان ہی آبی وسائل کو متاثر کرے گی۔دنیا بھر میں اب ایسی حکمت عملیاں تیار کی جارہی ہیں جو ان بے ترتیب موسموں سے ہم آہنگ ہوں خصوصا Climate change adaptation in the water sector  اب وقت کی ضرورت تسلیم کرلی گئی ہے۔ ترقی پزیر اور ٹوٹی پھوٹی معیشت ہونے کے ناتے ہمارے مسائل اور بھی گمبھیر ہیں۔ مثلادرجۂ حرارت کے بڑھنے سے پاکستان کے لیے پہلا خطرہ ہمالیائی گلیشیئرزہوں گے، ان گلیشیئرز سے دنیا کے کئی بڑے دریا مثلاً دریائے سندھ، گنگا، برہم پترا، سلوین، میکا ونگ، یانگ ژی اور زرد دریا نکلتے ہیں جن کا پانی پاکستان، بھارت، چین اور نیپال میں زندگی کو رواں دواں رکھنے کا باعث ہے۔ گرمی کے بڑھنے سے یہ گلیشیئرز تیزی سے پگھلیں گے اور ان دریاؤں میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہو گی جس سے کناروں پر آباد لاکھوں افراد کو سیلاب کا سامنا ہو گا۔ سیلاب سے بچاؤکے لیے جس قدر سرمایہ درکار ہوگا اس کا پاکستان جیسا غریب ملک تصور بھی نہیں کرسکتا۔  کچھ عرصے بعد جب پانی کم ہوجائے گا تویہی ممالک خشک سالی کا عذاب سہیں گے۔  زراعت تباہی سے دوچار ہوگی، قحط پھیلے گا اور غربت و افلاس کے سائے مزید گہرے ہوجائیں گے۔  یہ وہ کم از کم خطرات ہیں جو کسی ناکردہ جرم کی سزا کے طور پر ہمارے اس پیارے ملک کو بھی بھگتنا ہوگا۔ کیا ہم نے ایسی کسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کوئی حکمت عملی تیار کی ہے؟ اگر دریاؤں میں پانی زیادہ آجائے تو اسے کہاں ذخیرہ کیا جائے گا؟ منگلا اور تربیلا تو پہلے ہی ریت اور مٹی سے اٹ کر گنجائش سے کہیں کم پانی ذخیرہ کررہے ہیں۔ کیا ہم نے چھوٹے ڈیم یا بند تعمیر کرنے کی کوئی عملی تیاری کی۔  ماہرین کے مطابق دریائے سندھ پردسیوں ایسے مقامات ہیں جہاں پانی ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔ چھوٹے ڈیم کم مدت اور کم لاگت میں تعمیر کیے جاسکتے ہیں اس کے لیے نہ غیر ملکی قرضوں کی ضرورت ہے اور نہ ہی ماہرین کی۔  اپنے وسائل اور اپنی مہارت سے اس سال ہم باآسانی یہ کام کرسکتے تھے۔۔۔ لیکن ہم یہ بھی نہ کرسکے!

محترم، آبی وسائل کی زبوں حالی کے تانے بانے جاکر ہماری کمزور ( بلکہ اگر آپ برا نہ مانیں تو میں اسے ”ناکام“ کہنے کی جسارت کروں گی) خارجہ پالیسی سے بھی جاکر ملتے ہیں جس کا تسلسل کئی دہائیوں سے جاری ہے۔  ایک آمرنے بڑی فراخ دلی سے تین دریا ہندوستان کو بخش دیے تھے جبکہ گذشتہ سالوں میں دوسرے آمر نے ہندوستان کو ہمارے دریاؤں پر ڈیم بنانے کی اجازت دے کر اسے ہمارے دریاؤں کا پانی روکنے کا پروانہ عطا کیاتھا۔ صد شکر کہ آج کوئی آمر موجود نہیں ہے لیکن افسوس کہ اس کے باوجود جب ہندوستان آج بھی ہمارے دریاؤں کا پانی روک دیتا ہے تو کہیں اندرون ملک یا کسی بین الاقوامی فورم پر کوئی احتجاج نہیں ہوتا ہے ! یہ حقیقت اب ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ ہندوستان نے اپنے دریاؤں پر دسیوں بڑے ڈیم بنا کر نہ صرف اپنا پانی محفوظ کر لیا ہے بلکہ پاکستان کے دریاؤں کا پانی بھی دھڑلے سے چرا رہا ہے۔

محترم، آپ یقینا یہ بھی جانتے ہوں گے کہ پاکستان کے پاس دوسرے ممالک کے مقابلے میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بہت کم ہے مثلا امریکا اور آسٹریلیا کی آبی ذخیرے کی صلاحیت5,000 کیوبک میٹر پر کیپیٹا اور چین کی 2,200 کیوبک میٹر پر کیپیٹا ہے جبکہ پاکستان کی یہ صلاحیت صرف 150کیوبک میٹر پر کیپیٹا ہے۔ بھارت اپنے ذخیرہ کردہ پانی سے اپنے متعلقہ دریاؤں کو 120سے 220 دن تک رواں رکھ سکتا ہے جبکہ پاکستان کے دریا صرف 30دن تک رواں رہ سکتے ہیں۔ جب تک ہم اپنے پانی کو کہیں ذخیرہ نہیں کر سکتے پانی کو اپنی مرضی اور منشا کے مطابق استعمال بھی نہیں کرسکتے۔

بات یہاں ختم نہیں ہوتی ہے بلکہ بے ترتیب موسموں کا شاخسانہ بہت دور تک جائے گا۔  یہ بدلتے موسم یعنی خشک سالی اور سیلاب براہ راست صحت کو بھی متاثر کریں گے خصوصا پاکستان جیسے خشک ملک میں جہاں بارشیں کم ہوتی ہیں یہ خشک سالی قیامت مچا دے گی۔ زیر زمین پانی بھی کم ہوتا چلا جائے گا۔پانی میں آلودگی اور بڑھ جائے گی ۔آلودہ پانی سے آنتوں کی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔گرمیوں میں وبائی بیماریاں تیزی سے پھیلتی ہیں۔ بے شمار سروے رپورٹ بتاتی ہیں کہ گرمیوں میں ہی متعدی امراض مثلا ملیریا اور ڈینگی کی شدت بڑھتی ہے۔ہمارے ملک کے سرد حصے جو ان بیماریوں سے محفوظ ہیں لیکن گلوبل وارمنگ کے تحت جب ان علاقوں کا بھی درجۂ حرارت بڑھے گا تو یہاں بھی یہ بیماریاں پھیلنے لگیں گی۔  ان بیماریوں کے علاج کے ضمن میں جواضافی بوجھ پڑے گا وہ پہلے سے بدحال معیشت کو اور تباہ حال کردے گا۔ غریبوں کے لیے جینا تو جینا مرنا بھی مشکل ہوجائے گا۔

  پاکستان جیسا غریب اورترقی پذیر ملک جہاں کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی بسر کرتے ہیں جہاں انسانوں کا خون پانی سے بھی ارزاں اور پینے کا صاف پانی جنس گراں مایہ بن چکا ہو، جہاں لمبی قطاروں میں لگ کر آٹا دال خریدنا پڑتا ہو وہاں کیا ہماری حکومت  "climate change" سے پیدا ہونے والے ان مسائل پر توجہ دے پائے گی ؟  مایوسی کا شدید احساس ہر امید کو ڈسنے لگتا ہے!
  ہمارا دوسرا بڑا شعبہ زراعت جس کا انحصار پانی ہی پرہے ، پانی کی کمی سے دوچار ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ہمارا 90% پانی جوزراعت میں استعمال ہوتا ہے اس میں سے 20 سے 30فی صد راستے ہی میں ضائع ہوجاتا ہے ۔ ہمیں اس ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے ۔  پاکستان کی زرعی فصلوں پر بھی دھیان دینا ہوگا۔  کیونکہ پانی کی بچت انتہائی ضروری ہے۔ ایسی فصلیں اگانا جس میں پانی کم استعمال ہو اور وہ منافع زیادہ دیں بہت ضروری ہوگا ۔ آنے والے وقتوں میں پرانی روایتی فصلیں اگانا بہت مشکل ہو جائے گا۔

 ہماری تقریبا 60 فی صد آبادی شہروں میں رہے گی اس لیے ضروری ہے کہ شہروں کے نئے ماسٹر پلان تیار کیے جائیں جن کے تحت تمام ضروریات زندگی مثلا سبزیاں ، پھل ، جانوروں کی پرورش اور دیگر تمام سرگرمیاں شہروں کے قریب ہوں۔ اس سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات اور emissions بھی کم ہوں گے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ میں درختوں کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ موجودہ جنگلات کے بچاؤ کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ کیونکہ موسمی تبدیلی سے سیلاب آئیں گے۔  اس کے لیے ہمیں مربوط منصوبہ بندی اور زون بنانے ہوں گے۔  یاد رہے کہ ان تمام تبدیلیوں اور خطرات کی زد میں ہمارا غریب اور مظلوم طبقہ ہی نشانہ بنے گااورزیادہ تر علاقوں سے غریب لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوں گے۔  اس کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ورنہ اس نقل مکانی کے بہت برے اثرات رونما ہو سکتے ہیں۔

  پاکستان موسمی تبدیلیوں سے مکمل طور پر محفوظ نہیں رہ سکتا لیکن بروقت بہترین منصوبہ بندی سے اس کے اثرات کو کم سے کم کیا جاسکتا ہے۔ کیااس سال ہم نے اس حوالے سے کوئی جامع اور مربوط حکمت عملی تیار کی ہے؟

  محترم ، اب آخر میں ایک انتہائی اہم بات ! یہ چند اعدادوشمار ہیں جنہیں پڑھ کر شاید آپ مندرجہ بالا گزارشات کی سنگینی کا اندازہ کرسکیں، عالمی بینک کی ایک مستندرپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت ماحول کی تباہی کی قیمت 365 ارب روپے سالانہ(مجموعی جی ڈی پی کا 6%) ادا کررہی ہے یعنی ایک ارب روپے روزانہ ! ایک کمزور معیشت کے لیے یہ نقصان کتنا خطرناک ہے اس کااندازہ لگانے کے لیے کسی ماہر کی ضرورت نہیں ہے۔ پانی کی صفائی کے ناقص نظام، پانی کی آلودگی اور اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی صورت 112ارب،زرعی شعبے کی بدحالی کی مد میں 70ارب ،گھریلو فضائی آلودگی کا نقصان 67ارب ،شہروں میں فضائی آلودگی 65ارب ،جبکہ چراگاہوں اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی پرتقریبا 7ارب روپے سالانہ ضائع ہوتے ہیں۔

  اب ذرا غور کیجیے ! ایک ارب روپے سالانہ ہم اپنی غفلت اور بے پرواہی سے ضائع کر رہے ہیں اور دوسری جانب ہماری حکومت ہر بین الاقوامی فورم پر ہاتھ میں کشکول لیے کھڑی ہے۔ شایدکبھی ہم سمجھ پائیں کہ معیشت کی جھولی کا یہ سوراخ جس سے ایک ارب روپے روزانہ گر رہے ہیں اگر رفو نہیں کیا جائے گا تو چاہے کتنا ہی قرضہ لے لیا جائے جھولی ہر گز نہیں بھرے گی۔

  محترم، میں جانتی ہوں کہ میرا ملک پاکستان اس وقت انتہائی نازک دور سے گذر رہا ہے۔  نظام افراتفری ، ادارے انتہائی کمزور اور سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کا شکار ہیں۔ کرپشن نے اس ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں، ماضی کی غلط خارجہ پالیسیوں نے ملک میں بیرونی مداخلت اوردہشت گردی کی راہ ہموار کردی ہے۔ غریب عوام کے جسموں کے پرخچے آئے دن خودکش بمباروں کی زد میں آکر اڑ رہے ہیں۔  ایسی افراتفری میں بھلا ماحول اور ماحولیاتی مسائل کو کون پوچھے گا اگرچہ کہ ہمارے پاس وزارت ماحولیات بھی موجود ہے اور درجن بھر اس کے معاون ادارے بھی لیکن نتائج۔۔۔۔

 ا گرچہ مایوسی کا اندھیرا بہت گہرا ہے لیکن عدلیہ بحالی کی درخشاں تحریک کی کامیابی امید کے در وا کررہی ہے کہ اب پاکستان بدل رہا ہے۔  خدا کرے کہ اس بدلتے ہوئے پاکستان میں رہنے والوں کے دن بھی بدل جائیں! آمین۔


شبینہ فراز ، ایک پاکستانی

Wednesday, October 28, 2009

اگر انڈیا کو نہ روکا گیا تو پاکستان بنجر ہوجائے گا

چناب کا پانی روکا جانا بہت خطرناک ہے

انڈیا مقبوضہ کشمیرسے پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں پر پانی کی غیر قانونی ڈیموں کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے۔اور وہ وقت قریب ہے جب پاکستانی ایک ایک بوند کے محتاج ہوں گے۔جس سے آئندہ سال خوراک میں 40 فیصد کی کمی ہوجائے گی۔قوم آٹے کے سخت ترین بحران سے گذر رہی ہے، غربت کے باعث لوگ بچے بیچنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ واٹر مینیجمنٹ اور آبی وسائل کے تحفظ کے بغیر غربت کے خاتمے کے لیے یہاں کوئی اندرونی یا بیرونی اسکیم کامیاب نہیں ہوسکے گی۔ انٹرنیشنل ڈونرز ایجنسیاں جو غربت کے خاتمے کے لیے جو امداد فراہم کررہی ہیں وہ چاہے کھربوں روپے بھی دے دیں تو غربت ختم نہیں ہوگی۔ یہ زرعی ملک ہے اور آج تک زراعت کے سہارے ہی چلتا رہا ہے لہذا اسے دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کی زراعت پر توجہ دی جائے۔لوگوں کو یاد ہوگا کہ چند سال پہلے محکمہ انہار کے اعلی افسروں نے شور مچایا تھا کہ ہماری نہروں میں پانی کم آرہا ہے اس کی کیا وجہ ہے کہیں بھارت دریائے چناب اور جہلم کا پانی ڈیموں اور سائفن کے ذریعے تو نہیں کھینچ رہا ہے۔لیکن پھر اچانک خاموشی چھا گئی تھی ۔ گویا کسی طاقت نے ان کی زبان بندی کردی تھی۔پانی کی یہ کمی ہمیں شدید بحران کی طرف لے جارہی ہے۔اور یہ صورت حال جاری رہی تو یہاں ایتھوپیا اور صومالیہ جیسے حالات پیدا ہوجائیں گے۔شمالی کوریا اور روانڈا کی طرح اجاڑ ویران اوربے آباد زرعی زمینوں کا ہم کیا کریں گے۔بگلیہار ڈیم کے حوالے سے اس وقت کے پانی کے وزیر نے بغلیں بجاتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا کہ غیر جانب دار ماہرین کا فیصلہ ہمارے حق میں آیا ہے اس وقت بھی ہم نے یہ خدشات ظاہر کیے تھے کہ بھارت ہر گز اپنے اربوں کی لاگت کے پروجیکٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا اور اگر حسن ظن سے کام لیتے ہوئے یہ سوچ لیا جائے کہ وہ ایسا کردے گا تب بھی اس ڈیم سے گذر کر پاکستان آنے والے پانی کی مقدار پہلے سے 8000 کیوسک یومیہ کم رہے گی۔یعنی ایک سیزن میں ڈھائی لاکھ کیوسک پانی میں کمی اور پر حکو مت کا اطمینان بس یہی کہا جاسکتا ہے کہ قومے فروختن و چہ ارزاں فروختن۔ اگر بھارت ڈیم کے گیٹ بند کردے تو دریائے چناب کا ایک گھونٹ پانی نہیں مل سکتا ۔جس کے باعث ہماری 14مین برانچز متاثر ہوں گی اور ان سے نکلنے والی 405 نہریں 124 ڈسٹری بیوٹرز مکمل طور پر خشک ہوجائیں گی اور لاہور سے اوکاڑہ، ملتان اور بہاولپور تک ۳۰ لاکھ ایکڑ اراضی بنجر ہوجائے گی۔



ان کے ساتھ ساتھ بھارت دریائے نیلم پر کشن گنگا پروجیکٹ اور دریائے پونچھ پر اوڑی تو ڈیم مکمل کرنے کے قریب ہے۔یہ منصوبہ دراصل منگلا ڈیم کو خشک کرنے کی ایک بھارتی چال ہے۔اگر یہ پانی نہیں آئے گا تو ظاہر ہے کہ منگلا ڈیم کو خشک ہی ہوناہے ۔  دریائے جہلم ، دریائے نیلم اور دریائے پونچھ کا پانی ہی منگلا ڈیم میں آتا ہے۔سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے ستلج ، بیاں اور راوی پر بھارت کا حق تسلیم کیا گیا ہے۔ یوں تو یہ معاہدہ یونیورسل ڈیکلریشن 1948 کے آرٹیکل  8  کے بالکل برعکس ہے اور اسے آج بھی انٹرنیشنل ٹریبونل میں چیلینج کیا جاسکتا ہے۔


انگریزوں کی ملی بھگت سے ان تمام دریاؤں کے ماخذ بھارت کی حدود میں چلے گئے ہیں۔ بھارت نے اپنی جغرافیائی اہمیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انڈس واٹر ٹریٹی میں یہ مطالبہ کر دیا کہ اسے بہتے پانی پر پاور پروجیکٹ لگانے کی اجازت دی جائے اور یہ شق اس نے بضد ہوکر معاہدے میں ڈلوادی۔ یہ معاہدہ یوں لگتا ہے کہ بلا سوچے سمجھے جلد بازی میں کیا گیا لہذا ہر طرح سے بھارت کا پلہ بھاری رہا۔ چونکہ اس معاہدے میں یہ شق موجود ہے کہ بھارت بہتے پانی پر پروجیکٹ لگا سکتا ہے لہذا اس نے پن بجلی کی آڑ لے کر دریائے چناب ، جہلم اور سندھ پر 623 ڈیموں کی تعمیر شروع کی ہوئی ہے۔یہ تمام ڈیم صریحاً اس معاہدے کے آرٹیکل 3,4,7 اور8 کی خلاف ورزی ہے۔معاہدے کے کسی آرٹیکل کے تحت بھارت کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ جہلم، چناب اور سندھ پر کچھ تعمیر کرے اور اگر تعمیر کرنا ہی ہو تو وہ اس تعمیر کا ڈیزائن پاکستان کو دکھانے کا پابند ہے۔

آبی چکر

آج یہ بات سب جانتے ہیں کہ پانی زندگی کے لیے لازم و ملزوم ہے، پانی کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں ۔ تاریخ گواہ ہے کہ دریا، سمندر اور جھیلوں کے کنارے ہی انسانی تہذیب پھلتی پھولتی اور نشوونما پاکر ترقی یافتہ معاشروں میں ڈھلتی رہی ہے۔حیات کی کسی بھی اکائی کا پانی کے بغیر تصور ممکن نہیں۔سائنس داں آج بھی دوسرے سیاروں پر کمند ڈالتے ہوئے سب سے پہلے پانی ہی کا امکان ڈھونڈتے ہیں۔ پانی کی اسی اہمیت کو قرآن ڈیڑھ ہزار سال پہلے ہی واضح کرچکا ہے۔ دیکھیے سورہ الانبیاکی آیت نمبر 30”اور ہم نے پانی سے ہر زندہ چیز پیدا کی“ اور سورہ نور میں ارشاد ہے ”اور اللہ نے ہر جان دار ایک طرح کے پانی سے پیدا کیے۔


 قران کی اس بات سے آج کے سائنس داںسو فیصد متفق ہیں۔

Bernard Palac  نامی سائنس داں نے 1580 میں water cycle یعنی آبی چکر بیان کیا تھا۔ لیکن اس انکشاف سے ایک ہزار سال پہلے قران نے متعدد مقامات پر آبی چکر کو تفصیل سے بیان کیا ہے۔قران بتاتا ہے کہ پانی سمندروں کی سطح سے بخارات بن کر اٹھتا ہے ۔ بادلوں میں تبدیل ہوتا ہے،  بادل بلآخر کثیف بن جاتے ہیں،  ان میں بجلیاں چمکتی ہیں اور ان سے بارش ہوتی ہے۔
سورہ مومنون میں ارشاد ہوتا ہے:  اورآسمان سے ہم نے ٹھیک حساب کے مطابق ایک خاص مقدار میں پانی اتارا اور اس کو زمین میں ٹھہرا دیا ، ہم اسے جس طرح چاہے غائب کرسکتے ہیں۔ (المومنون 18)

سورہ روم میں وضاحت ہے:
اللہ ہی ہے جو ہواؤں کو بھیجتا ہے اور وہ بادل اٹھاتی ہیں ، پھر وہ ان بادلوں کو آسمان میں پھیلاتا ہے جس طرح چاہتا ہے انہیں ٹکڑیوں میں تقسیم کرتا ہے ۔پھر تو دیکھتا ہے کہ بارش کے قطرے بادل میں سے ٹپکے چلے آتے ہیں۔یہ بارش جب وہ اپنے بندوں میں سے جس پر چاہتا ہے برساتا ہے تو وہ یکایک خوش و خرم ہوجاتے ہیں۔“( الروم 78)

اور دیکھیے:
کیا تم نہیں دیکھتے کہ اللہ نے آسمان سے پانی برسایا اور پھر اس کو سوتوں اور چشموں اور دریاؤں کی شکل میں زمین کے اندر جاری کیا پھر اس پانی سے وہ طرح طرح کی کھیتیاں نکالتا ہے جن کی قسمیں مختلف ہیں۔“( سورہ الزمر 21)


اپنی ایک یگانہ روز گار کتاب ”حیاتیاتی چیزوں کی انفرادیت“ میں معروف سائنس داں(بائیو کیمسٹ) پروفیسر نیڈہم نے لکھا ہے کہ زندگی کے وجود کے لیے سیال چیزیں بے حد ضروری ہیں کیونکہ ٹھوس چیزوں میں ایٹمی ذرے بہت قریب ہوتے ہیں۔اوروہ کبھی بھی حرکی قوت ،قوت عمل رکھنے والے سالمیاتی عمل اور رد عمل کی اجازت نہ دیتے جس کی زندہ رہنے والے ہر فرد کو عمل کے لیے ضرورت ہوتی ہے کہ زندگی کی تحریک کے لیے فعال ہونا بے حد ضروری ہے۔آسان لفظوں میں یہ کہ زندگی کی فعالیت کے لیے سیالی ماحول بے حد ضروری ہے اور پانی اللہ تعالی کی تخلیق میں بے حد خوبصورت اور کار آمد چیزہے۔پانی کے خواص کا اگر جائزہ لیا جائے تو یہ ہر دور میں سائنس دانوں کے لیے حیران کن رہی ہیں۔تمام موجودات میں جیسے جیسے ان کا درجہ حرارت نیچے آتا ہے سکڑتی چلی جاتی ہیں (حجم میں کمی کا مطلب ہے کہ چیزوں کی کثافت بڑھ جاتی ہے) ۔


Saturday, October 10, 2009

ماں کے گھر پر واپسی

گذشتہ 30 برسوں میں گیل اسٹراب نے دنیا بھر میں ہزاروں لوگوں کو اپنی زندگیوںکا مطلب اور مقصد سمجھانے کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے اپنی نئی کتاب ’ ریٹرننگ ٹو مائی مدرز ہاؤس‘ میں خواتین کی بصیرت کو موضوع بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرتی ڈھانچے کچھ اس طرح ہیں کہ خواتین کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے اپنی نسوانی ذات سے باہر نکلنا پڑتا ہے۔  اسٹراب اپنی کتاب میں اپنی ماں کا حوالہ دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ کس طرح انہوں نے ایک اچھی ماں اور اور ایک اچھی خاتون خانہ بننے کے لیے کس طرح اپنے خواب قربان کردیے۔  ان کا کہنا ہے کہ دنیا کی ہر عورت کی ایک ہی کہانی ہے۔ زیادہ تر خوتین جب اپنی زندگی میں سماجی کامیابیوں کے لیے جدوجہد میں مصروف ہوتی ہیں ان کا اپنی نسوانی بصیرت سے رابطہ ٹوٹ جاتا ہے۔ عورت جب گھر سنبھال رہی ہوتی ہے یا پچوں کی پرورش کررہی ہوتی ہے بلاشبہ یہ تمام کام بہت اہم ہیں لیکن ان میں گم ہوکر وہ اپنی ذات کی تعمیر و تربیت سے محروم ہوجاتی ہے۔ اپنی کتاب میں اسٹراب نے خواتین کو اپنی ذات کی تعمیر اور بقا کے مختلف طریقے بتائے ہیں۔ جن کی مدد سے وہ اپنی نسوانی بصیرت دوبارہ حاصل کرسکتی ہیں۔ ان میں اپنے جذبات اور اندر کی آواز پر دھیان دینا، اپنے گھر اور کمیونٹی کی تعمیر،اور تخلیقی فنون میں مشغول رہنا شامل ہیں۔ اپنے خیالات کو تحریر میں لانا، مجسمہ سازی ، مصوری، رقص، موسیقی، گلوکاری، یہ سب تخلیقی فنون اپنی ذات کے اظہار کے طریقے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دوستوں کا ایک حلقہ جو خواتین پر مشتمل ہو تشکیل دینے کی صرورت ہوتی ہے۔ اس میں ہماری مائیں، خالائیں اور نانیاں دادیاں شامل ہوتی ہیں۔ہم ان سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔اسٹراب کے شوہر ڈیوڈ گیریشن نیویارک کے ایک ادارے میں ڈائریکٹر ہیں جو قائدانہ صلاحیتیں ابھارنے کے حوالے سے تربیت دیتا ہے۔ اسٹراب بھی اس ادارے سے وابستہ ہوگئیں اور انہیں دنیا بھر کی خواتین سے ملنے کا موقع ملا۔ ان کی ملاقات روانڈا، جنوبی افریقہ، کمبوڈیا اور افغانستان کی خواتین سے ملنے کا موقع ملا اور وہ اس نتیجے پر پہنچی کہ دنیا بھر کی خواتین کے مسائل تقریبا ایک جیسے ہوتے ہیں۔ ان کا ادارہ خواتین کو صلاحیتوں کے ادراک اور ان کے بہترین استعمال کا طریقہ سکھاتا ہے۔ اس سے خواتین نہ صرف اپنے لیے بلکہ ملک و قوم کے لیے بھی بہترین ہوتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں دوسری خواتین تک رسائی اور بھی آسان ہوچکی ہے۔  انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے خیالات اور تجربات کا تبادلہ کرکے اپنےی نسوانی بصیرت میں اضافہ کرسکتی ہیں۔

بین الاقوامی امداد کے امریکی ادارے یو ایس ایڈ   اور ایک مقامی تنیظم   مڈوفری ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اس ہفتے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک خصوصی کانفرنس کا اہتمام کیا تھا۔ جس میں ملک بھر سے آئی ہوئی سینکڑوں نرسوں ، دائیوں اور ہیلتھ ورکرز کو بچے کی پیدائش کے دوران زچہ کو مدد فراہم کرنے کے حوالے سے تربیت دی گئی۔ کانفرنس کے دوران ماہرین نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان میں خواتین کی شرح اموات میں 20 فیصد سے زائد تناسب ان اموات کا ہے جو زچگی کے دوران یا بچے کی پیدائش اور اس کے بعد پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث پیدا ہوتی ہیں۔ یو ایس ایڈ کے مطابق پیدائش کے وقت ایک ہزار میں سے 78 بچوں کی اموات بھی واقع ہوتی ہیں۔ اور یہ شرح بھارت ، نیپال اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہے۔ ادارے کے اندازے کے مطابق 89 میں سے ایک عورت زچگی کی پیچیدگیوں کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھی رہی ہے۔ پاکستان میں65 فیصد خواتین بچوں کو گھر میں جنم دیتی ہیں۔ اور ان میں سے آدھے سے زائد کو بعد از پیدائش طبی امداد نہیں ملتی جبکہ دیہی علاقوں میں رہنے والی غریب خواتین کو زچگی اور پیدائش کے دوران کسی قسم کی طبی امداد نہیں ملتی۔

Wednesday, May 20, 2009

ماحول کا عالمی دن اور 15 لاکھ بے گھر

زمیں سخت اور آسماں دور ہے

پینے کے صاف پانی اور سینیٹیشن کی عدم فراہمی خطرناک وبائی امراض کو جنم دے سکتی ہے


بہت سے سر سبز موضوعات تھے جو مجھے پانچ جون یعنی عالمی یوم ماحول پر اپنے احاطہ ءتحریر میں لانا تھے، اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام UNEP کی شروع کردہ شجر کاری مہم The Billion Trees Campaign  کے متعلق لکھنا تھا کہ اس حوالے سے کس ملک نے کتنے اور کیسے درخت لگائے ہیں اور دنیا کے نئے بننے والے ہرے بھرے نقشے پرہمارے ملک کی کیا پوزیشن ہے، ان سب پر مجھے بات کرنی تھی لیکن مجھے اب کچھ بھی یاد نہیں، دل ہے کہ جیسے کسی نے مٹھی میں جکڑ رکھا ہے اور دماغ ہے کہ سوچنے سمجھنے کے قابل نہ رہا اور آنکھیں جن میں بہت سے خواب ہمیشہ ہوا کرتے تھے  ( میرا یقین ہے کہ شکر گذار انسان بننے کے لیے کچھ خواب آنکھوں میں ضرور ہونے چاہییں اس سے انسان خوش رہتا ہے اور حق بندگی کے لیے سر جھکاتا رہتاہے، چاہے یہ خواب پورے ہوں یا نہ ہوں) اب ان آنکھوں میں گویا ریت اڑ رہی ہے کچھ بھی تو دکھائی نہیں دے رہا سوائے ایک ہولناک منظر کے۔۔۔۔

 بوڑھے ، بچے خواتین ،اک قطار در قطار ہے جو گھٹریاں سر پر اٹھائے چلے جارہے ہیں ، گھر ، مویشی مال و اسباب ، کھڑی فصلیں سبھی کچھ چھوڑ کر اک صرف زندگی بچا کر۔ ۔ ۔ وہ زندگی جس کی آگے بھی کوئی ضمانت نہیں ہے۔

ٹیلیویژن پر ایک مختصر تقریر ، بہت بڑا فوجی ایکشن اورنتائج۔۔۔۔ اپنے ہی ملک میں 15 لاکھ بے گھر پاکستانی! میں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کروں!


خدا کی پناہ! پوری دنیا انگشت بدنداں ہے ۔ اسے ڈالروں کی چمک، پانچ ہیلی کاپٹر ،چند مہنگے ہتھیار( ایٹمی طاقت ہونے کے ناتے جن کی ہمیں ویسے بھی کوئی ضرورت نہیں تھی) کا کمال سمجھا جائے یا قیادت کی عاقبت نا اندیشی کہ اپنے ہی ملک میں وہ کہرام برپا کرڈالا کہ جس کی نظیر شاید ہی تاریخ میں مل سکے۔ تاریخ بنانے کے شوقین ہمارے حکمراں بھول چلے کہ اگر کامیابی بھاری توپوں ، بمباری اور گن شپ ہیلی کاپٹروں سے ملتی ہوتی تو امریکا ویتنام ،افغانستان اور عراق میں یقینا فتح یاب ہوتا اور دھوم دھام سے ہوتا۔ ہم 71میں ملک بچالیتے اور73 اور 2008 میں اپنے ہاتھوں بلوچستان میں آگ نہ لگا لیتے لیکن تاریخ کا سبق پڑھنا اور بات ہے اور اسے یاد رکھنا اور بات ہے۔ ہمارے حصے میں تو ویسے بھی کچھ کمزور یادداشت والے حکمران آئے ہیں جنہیں وعدے قسمیں سبھی کچھ بھول جانے کی عادت ہے۔  فوجی کارروائی کبھی بھی موثر حل نہیں ہوتی اور خصوصا اس صورت میں جب عسکریت پسندوں کو غیر ملکی مدد اور سرپرستی بھی حاصل ہو۔
پاکستان جو پہلے ہی ان گنت ماحولیاتی مسائل سے دوچار ہے ۔ اس زوال پذیر ماحول کی بھاری قیمت زرکثیر کی صورت ادا کررہا ہے ۔ عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان سالانہ365 ارب روپے یعنی روزانہ ایک ارب روپے ماحول کی تنزلی کی صورت ادا کرتا ہے جو اس کی جی ڈی پی کا چھہ فیصد ہے۔ صرف آلودہ پانی اور سینیٹیشن کی ناقص سہولت یا عدم دستیابی سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور اموات کی صورت پاکستان 112ارب روپے یعنی تین کروڑ یومیہ سے زائد نقصان برداشت کرتا ہے۔ ایک کمزور معیشت کی کمر توڑنے کے لیے یہی بہت ہے اورابھی وہ اپنے اس شکستہ دامن کو رفو بھی نہ کر پایا تھا کہ مزید چھید اس جھولی میں ہوگئے ۔ شاید ہمیں اندازہ نہیں ہے کہ یہ پندرہ لاکھ بے گھر پاکستانی آنے والے دنوں میں ملک و قوم کے لیے کس چیلینج کی صورت سامنے ہوں گے۔ کیا یہ سوال کرنا ہمارا حق نہیں بنتا کہ فوجی آپریشن اگر ناگزیر ہی تھا تو کیا اس کی تیاریاں کر لی گئی تھیں؟ کیا ہماری قیادت نے قردادوں کے علاوہ کچھ عملی اقدامات بھی کیے تھے۔ ہمارے متعلقہ ادارے تیار تھے اور اگر تھے تو قوم یہ پوچھنے کا حق رکھتی ہے کہ یہ لوگ جو ہمارے ہم وطن ہیں پھر سڑکوں پرکیوں بیٹھے ہیں ، ان کے معصوم بچے روٹی کے چند ٹکڑوں کے لیے کیوں لڑ رہے ہیں ، ان کی ہاتھوں کی کتابیں کہاں گئیں ؟مریض سوزوکیوں میں بے یار و مددگار کیوں پڑے ہیں اور عورتیں بغیر کسی طبی امداد کے خیموں میں ننگی زمینوں پربچے کیوں پیدا کررہی ہیں۔ تازہ رپورٹ کے مطابق کیمپوں میں بے یارومددگاررہنے والے صرف 10 سے15 فیصد ہیں جبکہ 80% افراد اپنے عزیزوں کے ہاں رہائش پذیر ہیں اور بقیہ 5% دوستوں اور جاننے والوں کے ہاں رہ رہے ہیں۔ بلاشبہ یہ غریب اور ان پڑھ یا کم پڑھے لکھے لوگ ہیں ، انہیں اپنے انسانی حقوق کا بھی کچھ پتا نہیں ہے لیکن یہ انسان ہیں، پاکستانی ہیں۔ اس ملک کے وسائل پر ان کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کسی      دوسرے     ہائی فائی ایجوکیٹڈ شہری کا۔ اور اب انہیں اپنے ہی ملک میں مہاجر بنانے والے ان کے لیے کیا کررہے ہیں اور جہاں تک وسائل کی بات ہے تو صرف صدر محترم جناب آصف علی زرداری، میاں نواز شریف اور دیگر تمام صف اول کے سیاست داں اور حکمرانوں کے سرمائے کے ذخائر اربوں ڈالر میں بنتے ہیں۔ اگر یہ لوگ اپنے اس سرمائے کی صرف زکواۃ ہی نکال دیں تو ان مظلوموں کے آنسو پونچھے جاسکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق اب تک بیس لاکھ افراد نقل مکانی کرچکے ہیں اور چودہ لاکھ سے زائد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔ اندرون ملک اتنی بڑی نقل مکانی کی مثالیں روانڈا جیسے دوچار افریقی ملک ہی میں ملتی ہیں۔

 اگر ان مہاجر کیمپوں کا ماحولیاتی منظرنامہ تصور میں لائیں تو صورت حال بہت بدتر نظر آتی ہے۔اس طرح اچانک پندرہ لاکھ افراد کا سڑکوں پر آجانا پاکستان کے ماحول اوراس کے قدرتی وسائل پر تو منفی اثرات مرتب کرے گا ہی لیکن خود یہ افراد کس قدر خطرناک صورت حال سے دوچار ہیں کیا کسی کو اس کا اندازہ ہے؟ ان لاکھوں افراد کو شدید گرمیوں میں خیموں میں رہنا پڑ رہا ہے۔ تنگ جگہوں پر بہت سے افراد ، تیز گرمی ، پسینہ اور نہانے کے لیے پانی کا نہ ہونا بہت جلد جلدی امراض کے پھیلاؤ کا سبب بن جائے گا۔ ٹھنڈی وادیوں میں رہنے والے یہ افراد اس سخت گرمی کے عادی نہیں ہیں اور اس گرمی میں جہاں ننگے پاؤں چلنا دشوار ہوتا ہے وہاں یہ بچے ننگی زمینوں پر لیٹنے پر مجبور ہیں۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ سوات سے آنے والے بہت سے بچے چکن پاکس اور دیگر جلدی امراض کا شکار ہیں ۔ یہ بیماریاں بہت جلد وبائی صورت اختیار کر سکتی ہیں۔

 پینے کے لیے صاف پانی کا نہ ہونا پیٹ کی بہت سی بیماریوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ بیت الخلا کا نامناسب انتظام اور بہت سے کیمپوں میں تو خیموں کے اندر ہی ایک کونے میں گڑھا کھود لیا گیا ہے جو صحت کے حوالے سے بدترین صورت حال ہے۔ انسانی فضلے کا کھانے پینے کی اشیا کے قریب ہونا ہی بذات خود بہت سی بیماریوں کی جڑ ہے۔ پیٹ کی بیماریاں جن میں ہیضہ سر فہرست ہے وہ بہت تیزی سے پھیل سکتا ہے اور ویسے بھی ہیضے کی بیماری گرمیوں میں بہت تیزی سے پھیلتی ہے۔ ہیضہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات کا سبب سمجھا جاتا ہے۔


پینے کی صاف پانی کی فراہمی اور سینیٹیشن کی سہولت کی فراہمی متعلقہ اداروں کے لیے اصل چیلنج ہے اور اگر ایسا نہ ہوسکا تو وبائی امراض قابو سے باہر ہوسکتے ہیں۔ اس وقت آدھی دنیا کا مسئلہ پینے کا صاف پانی ہے اور ہر سال تقریبا 25 ملین یعنی پچیس کروڑ کے لگ بھگ افراد گندے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں اورایک عام جائزے کے مطابق ان میں سے 5 سے 10ملین افراد یعنی پچاس لاکھ سے کروڑ تک کی موت واقع ہوجاتی ہے۔ اسے اور آسانی سے سمجھیے کہ 14,000 افراد روزانہ پانی کی بیماریوں سے مر رہے ہیں۔ گویا کہ ہر مہینے ایک سونامی کا سامنا ہے۔ پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں پینے کا جو پانی فراہم کیا جاتا ہے وہ 75% تک آلودگی کا شکار ہوتا ہے۔ اب اس تمام پس منظر کو سامنے رکھتے ہوئے سوچئیے کیا ہم ان لوگوں کو صاف پانی اور سینیٹیشن کی باقاعدہ سہولت فراہم کرسکیں گے۔ یاد رکھیئے کہ ہیضے کی بیماری کی ایک بڑی وجہ گندگی اور آلودہ پانی کا استعمال ہے۔ ہیضہ شیر خوار بچوں میں موت کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اسے روکنے لیے دواؤں کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی ، پینے کے لیے صاف پانی اور کھانے پینے سے پہلے ہاتھ دھونے پر زور دیا جاتا ہے۔ اس بیماری کی ہی سنگینی کے پیش نظر دنیا بھر میں پندرہ اکتوبر کو ہینڈ واشنگ ڈے منایا جاتا ہے۔ لیکن ان خیموں میں بے سروسامانی کی اس شام غریباں میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن اور پینے کے لیے صاف پانی کی عیاشی کیسے ممکن ہوسکے گی؟ یہ سوال ہم سب کو حکومت اور ایک دوسرے سے پوچھنا ہوگا!  

Thursday, April 9, 2009

پانی کے مسائل اور ماحول کا سال

مارچ کے تیسرے ہفتے ۱۶ تا  ۲۲  مارچ میں شروع ہونے والے پانچویں ورلڈ واٹر فورم میں ۲۰،۰۰۰ افراددنیا بھر میں پانی کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لیے یکجا تھے۔  یہ فورم اس بار ترکی کے شہر استنبول میں منعقد ہوا تھا ۔ اس فورم میں شرکت کا مجھے بھی موقع ملا۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے اورماحول کے حوالے سے کام کرنے والے مجھ سمیت ۴۱ صحافی بھی اس تاریخی فورم میں شامل تھے۔سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی صحافیوں کی ایک تنظیم میڈیا ۲۱ ہماری میزبان تھی۔



 اس فورم کا بنیادی خیال Bridging divides for Water تھا۔ عالمی سطح پر واٹر فورم منانے کا سلسلہ نوے کی دہائی کے آخری سالوں میں شروع ہواتھا ۔  یہ فورم ہر تیسرے سال منعقد ہوتا ہے۔پہلا ورلڈ واٹر فورم ۱۹۹۷مراکش میں دوسرا ۲۰۰۰نیدر لینڈ میں  تیسرا ۲۰۰۳ جاپان  چوتھا ۲۰۰۶ میکسیکو میں اور یہ پانچواں ترکی کے خوبصورت اور تاریخی شہر استنبول میں منعقد ہوا تھا۔ اس فورم کے انعقاد کا بنیادی مقصد دنیا کو پانی کے حوالے سے درپیش چیلینجز سے آگاہی اور پانی کے مسائل کو حکومتوں اور ساست دانوں کے سرکاری اور سیاسی ایجنڈے میں سر فہرست لانا ہے۔ اس فورم کا افتتاح ترکی کے صدر عبداللہ گل نے کیا جبکہ اور بہت سے ممالک کی سرکردہ شخصیات نے بھی اس میں شرکت کی۔ خبر گرم تھی کہ پاکستان سے بھی بہت سے لوگ شرکت کر رہے ہیں لیکن معذرت کے ساتھ مجھے کہیں بھی پاکستان کی نمائندگی خصوصا سرکاری سطح پر نظر نہیں آئی۔  ایک آدھ اسٹال ہی کہیں لگادیا جاتا۔  پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود آبی تنازعات کو اجاگر کرنے کا یہ بہترین موقع تھا کیونکہ اس بین الاقوامی فورم پردنیا بھر کے واٹر ایڈووکیٹ جمع تھے۔ لیکن خیر سرکار کا کام سرکار ہی جانے!

استنبول ترکی کا دارالحکومت نہیں ہے لیکن تاریخی اہمیت کی بنا پر اسے ترکی کے دارالحکومت انقرہ پر سبقت حاصل ہے۔صدیوں پرانے اس شہر کے قدیم درو دیوارگذرتے وقت کو اپنے اندر سمیٹے تاریح سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بہت اہم ہیں۔ آپ چاہیں تو گذرے ہوئے وقت کو محسوس بھی کرسکتے ہیں اور چھو بھی سکتے ہیں یہ آپ پر منحصر ہے۔ تین ہزار چھوٹی بڑی مسجدوں کے شہر استنبول کی تاریخی اہمیت اپنی جگہ میرے لیے اس شہرکی اہمیت کا حوالہ مذہبی تھا۔  مرکزی شہر سے دور گولڈن ہارن کے کنارے محترم صحابی اور میزبان رسول ﷺ حضرت ابو ایوب انصاری آرام فرما ہیں۔  سلطان محمد فاتح نے یہاں ایک شان دار مقبرہ اور ایک عالی شان مسجد تعمیر کروائی ہے۔ سلطان ہی کے ہاتھ کا لگا ہوا ایک بہت بڑا اور قدیم درخت مزار کے احاطے میں موجود ہے۔  ترک عقیدت و محبت سے حضرت ابو ایوب انصاری ؓ کو سلطان ایوب کہتے ہیں۔  یہاںحضور اکرم ﷺ کی نعلین مبارک موجود ہے جس کے دیدار کے بعد بلاشبہ انسان خود کو خوش نصیب سمجھنے لگتا ہے۔ حضرت ابو ایوب انصاری کے مزار پر فاتحہ پڑھ کر اور نعلین مبارک کے دیدار کے بعد ہمارا دوسرا اہم کام توپ کاپی میوزیم کی زیارت تھی۔ توپ کاپی میوزیم دراصل ترکی کے سلطان محمد دوم کا محل تھا جس کے ایک حصے کو میوزیم کی شکل دی گئی ہے۔ شاید مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعد یہ وہ محترم شہر ہے جہاں حضور اکرمﷺ اور دیگر انبیاءکی اتنی اہم اور متبرک اشیا اکھٹی موجود ہوں۔ یہاں کیا نہیں ہے کسے دیکھیں اور کسے نہ دیکھیں اور کس طرح دیکھیں کہ یہ سب آنکھوں میں بس جائے۔ حضورﷺ کا دندان مبارک، داڑھی مبارک کے بال ، نقش قدم مبارک، چار تلواریں، مہر مبارک، مدینے کی مٹی، روضہ رسول پر بچھنے والا قالین ، کعبے کے طلائی تالے ، حجر اسود کا طلائی کیس، حضرت ابراہیمِؑ کا پیالہ ، حضرت یوسف ؑ کا صافہ یا پگڑی ، حضرت موسیؑ کا عصا، حضرت عیسیؑ کی تلوار، خلفائے راشدینؓ اورزبیر بن عوام ؓکی تلواریں غرض اور بھی بہت کچھ جسے یاد رکھنا بھی بہت مشکل ہے کہ وہاں یہ سب دیکھتے ہوئے انسان کسی اوردنیا میں پہنچ جاتا ہے۔

 اسی تاریخی اور مذہبی اہمیت کے حامل شہر استنبول کو پانچویں ورلڈ واٹر فورم کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ 

دنیا میں اس وقت پانی کے حوالے سے بہت گرما گرمی پائی جاتی ہے۔ خصوصا وہ ممالک بھی جہاں پانی کا فی الحال کوئی مسئلہ نہیں ہے بہت سرگرم ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ بدلتے موسموں کی بے ترتیبی کسی بھی وقت ان کے لیے کوئی مسئلہ کھڑا کرسکتی ہے۔لیکن وطن عزیز جو پانی کی کمی کے سنگین مسائل سے دوچار ہے یہاں اس حوالے سے کوئی فکرمندی یا تشویش نہیں پائی جاتی ہے ۔ گویا راوی ہر طرف چین ہی چین لکھ رہا ہے۔

 رواں سال جسے ماحولیات کے قومی سال کا نام دیا گیا تھا دھیرے دھیرے مٹھی میں بند ریت کی طرح سرک رہا ہے۔ سال کا چوتھا مہینہ اپریل بھی اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن ابھی تک کوئی ایک بھی ایسا قدم نہیں اٹھایا گیا ہے جسے ہم ماحول کی بہتری کے لیے بنیادی قدم قرار دے سکیں۔  اپنے پچھلے مضمون میں ہم نے لکھا تھا کہ پاکستان پانی کے حوالے سے اپنے بیش بہا قدرتی وسائل کے باوجود انتہائی مشکلات سے دوچار ہے اور مستقبل میں یہ مشکلات اور بڑھ جائیں گی اگر ہم نے اس حوالے سے کوئی واضح حکمت عملی نہیں اپنائی۔ کم از کم اس سال پانی کے حوالے سے چند ضروری اور بنیادی نوعیت کے کام کر لیے جاتے تاکہ کچھ بھرم ہی رہ جاتا۔ پاکستان میں پانی کا مسئلہ بھی عجب پیچیدہ مسئلہ ہے   ہم وہ کم نصیب ہیں جو خشک سالی کے دنوں میں قحط و افلاس کے ہاتھوں جان دیتے ہیں اور اگر قسمت یاوری کرجائے اور رحمت خداوندی برس جائے تو پھر دریا ، ندی نالوں سے چھلکتا سیلاب بلائے جاں بن جاتا ہے۔ پانی کے حوالے سے ہم دسیوں بین الاقوامی معاہدوں کے شریک ہیں پاکستان میں پانی اور زراعت کی قومی پالیسیاں بھی تیار ہےں مگر بوجوہ یہ ابھی تک فائنل نہیں ہوسکی ہیں۔  اس کی کیا وجہ ہے یہ ہم نہیں جانتے لیکن کم از کم یہی کام ہم اس سال کرلیا جائے۔  پانی کی پالیسی ۲۰۰۵ میں تیار ہوئی تھی لیکن ابھی تک منظوری کے مراحل سے نہیں گذری جبکہ زراعت کی پالیسی ۱۹۹۰ کی تیار کردہ ہے۔  اب جبکہ یہ پالیساں ابھی تک روایتی دفتری مراحل سے گذر رہی ہیں لہذا اس مہلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتر ہے کہ ان کی منظوری سے پہلے ان میں چند اہم نکات کا اضافہ کردیا جائے۔  ہماری معلومات کے مطابق دونوں پالیسیوں میں موسمی تبدیلیوں کو نظر انداز کیا گیا ہے یا اس کا صرف سرسری ذکر ہوا ہے۔  حالانکہ اب سب سے زیادہ یہی موضوع وقت کی ضرورت ہے کیونکہ موسمی تبدیلیاں سب سے زیادہ پانی کے معمولات کو ہی متاثر کررہی ہیں اور کریں گی۔  چاہے پہاڑوں میں گلیشیئر کا پگھلنا ہو  دریاؤں میں پانی کی روانی کا تسلسل ہو  صوبوں کے مابین پانی کے تنازعات ہوں یا سرحدوں سے باہر کے مسائل ہوں ان تمام مسائل کی جڑیں بنیادی طور پر موسمیاتی تبدیلیوں سے ہی جا کر ملتی ہیں اس کے بعد پانی کا انتظام اور تقسیم وغیرہ کے مسائل سامنے آتے ہیں۔  ہمارے سامنے عالمی بینک کی ایک رپورٹ موجود ہے جس کے مطابق پاکستان کی معیشت ماحول کی تباہی کی قیمت ۳۶۵ ارب روپے سالانہ (مجموعی جی ڈی پی کا ٪۶ ادا کررہی ہے یعنی ایک ارب روپے روزانہ !  ایک کمزور معیشت کے لیے یہ نقصان کتنا خطرناک ہے اس کااندازہ لگانے کے لیے کسی معیشت داں کی ضرورت نہیں ہے۔  پانی کی صفائی کے ناقص نظام، پانی کی آلودگی اور اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی صورت  ۱۱۲ ارب  زرعی شعبے کی بدحالی کی مد میں ۷۰ ارب  گھریلو فضائی آلودگی کا نقصان ۶۷ ارب  شہروں میں فضائی آلودگی ۶۵ ارب  جبکہ چراگاہوں اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی پرتقریبا  ۷  ارب روپے سالانہ ضائع ہوتے ہیں۔  اب ذرا غور کیجیے ایک ارب روپے سالانہ ہم اپنی غفلت اور بے پرواہی سے ضائع کر رہے ہیں اور دوسری جانب ہماری حکومت ہر بین الاقوامی فورم پر ہاتھ میں کشکول لیے کھڑی ہے۔  خدا جانے یہ بات ہماری سمجھ میں کب آئے گی کہ معیشت کی جھولی کا یہ سوراخ جس سے ایک ارب روپے روزانہ گر رہے ہیں اگر رفو نہیں کیا جائے گا تو چاہے کتنا ہی قرضہ لے لیا جائے جھولی ہر گز نہیں بھرے گی۔

دنیا بھر میں بدلتے موسم ایک اہم مسئلہ بن کر سامنے آرہے ہیں اور تمام ممالک حتی الامکاں ایسی حکمت عملیاں تیار کررہے ہیں جو ان بدلتے موسموں سے ہم آہنگ ہوں خصوصا  Climate Change adaptation in the water sector اب وقت کی ضرورت تسلیم کر لی گئی ہے۔  کلائمیٹ چینج ہمارے لیے بھی ایک چیلنج بن کر موجود ہے۔ ترقی پذیر ملک ہونے کے ناتے ہمارے مسائل اور گمبھیر ہیں۔ درجہ حرارت کے بڑھنے سے ہمارے پانی کے وسائل براہ راست متاثر ہورہے ہیں اور ہر دو صورت میں یعنی سیلاب ہو یا خشک سالی ہمارے لیے عظیم بحران موجود ہے مثلا درجۂ حرارت کے بڑھنے سے پاکستان کے لیے پہلا خطرہ ہمالیائی گلیشیئرز ثابت ہوں گے۔ ان گلیشیئرز سے دنیا کے کئی بڑے دریا مثلاً دریائے سندھ گنگا برہم پترا  سلوین میکا ونگ یانگ ژی اور زرد دریا   نکلتے ہیں جن کا پانی پاکستان بھارت چین اور نیپال میں زندگی کو رواں دواں رکھنے کا باعث ہے۔ گرمی کے بڑھنے سے یہ گلیشیئرز تیزی سے پگھلیں گے اور ان دریاؤں میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہو گی جس سے کناروں پر آباد لاکھوں افراد کو سیلاب کا سامنا ہو گا۔ سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کے لیے جس قدر کثیر سرمایہ درکار ہے اس کا پاکستان جیسا غریب ملک تصور بھی نہیں کر سکتا ہے۔کچھ عرصے بعد جب پانی کم ہو جائے گا تو یہی ممالک خشک سالی کا عذاب سہیں گے۔ زراعت تباہی سے دوچار ہو گی، قحط پھیلے گا اور ان غریب ممالک پر افلاس کے سائے اور گہرے ہو جائیں گے۔  یہ وہ کم از کم خطرات ہیں جو کسی ناکردہ جرم کی سزا کے طور پر پاکستان کو بھی بھگتنا ہوں گے۔

پانی ہمارے لیے موت اور زندگی کا مسئلہ ہے

 پانی کے بارے میں ہمیں سنجیدگی سے منصوبہ بندی کرنی ہوگی ۔  ہندوستان نے اپنے دریاؤں پر دسیوں بڑے ڈیم بنا کر نہ صرف اپنا پانی محفوظ کر لیا ہے بلکہ پاکستان کے دریاؤں کا پانی بھی دھڑلے سے چرا رہا ہے۔ لیکن پاکستان کے پاس صرف دو ڈیم ہیں اور یہ دونوں ڈیم بھی مٹی اور ریت بھر جانے کے باعث اپنی گنجائش سے بہت کم پانی ذخیرہ کرسکتے ہیں۔ دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان کے پاس پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بہت کم ہے مثلا امریکا اور آسٹیلیا کی آبی ذخیرے کی صلاحیت ۵۰۰۰  کیوبک میٹر پر کیپیٹا اور چین کی ۲۲۰۰ کیوبک میٹر پر کیپیٹا ہے جبکہ پاکستان کی یہ صلاحیت صرف  ۱۵۰ کیوبک میٹر پر کیپیٹا ہے۔  بھارت اپنے ذخیرہ کردہ پانی سے اپنے متعلقہ دریاؤں کو ۱۲۰ سے ۲۲۰ دن تک رواں رکھ سکتا ہے جبکہ پاکستان کے دریا صرف ۳۰ دن تک رواں رہ سکتے ہیں۔ جب تک ہم اپنے پانی کو کہیں ذخیرہ نہیں کر سکتے پانی کو اپنی مرضی اور منشا کے مطابق استعمال بھی نہیں کرسکتے۔ ماہرین کے مطابق تقریبا ۸  سے ۱۰ مقامات دریائے سندھ پر ایسے ہیں جہاں پانی ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔  چھوٹے ڈیم کم مدت اور کم لاگت میں تعمیر کیے جاسکتے ہیں اس کے لیے نہ غیر ملکی قرضوں کی ضرورت ہے اور نہ ہی ماہرین کی۔  اپنے وسائل اور اپنی مہارت سے ہم باآسانی یہ کام کرسکتے ہیں۔  یہ بدلتے موسم یعنی خشک سالی اور سیلاب براہ راست صحت کو بھی متاثر کریں گے خصوصا پاکستان جیسے خشک ملک میں جہاں بارشیں کم ہوتی ہیں یہ خشک سالی قیامت مچا دے گی۔ زیر زمین پانی بھی کم ہوتا چلا جائے گا۔پانی میں آلودگی اور بڑھ جائے گی ۔آلودہ پانی سے آنتوں کی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔گرمیوں میں وبائی بیماریاں تیزی سے پھیلتی ہیں۔ بے شمار سروے رپورٹ بتاتی ہیں کہ گرمیوں میں ہی متعدی امراض مثلا ملیریا اور ڈینگی کی شدت بڑھتی ہے۔ ہمارے ملک کے سرد حصے جو ان بیماریوں سے محفوظ ہیں لیکن گلوبل وارمنگ کے تحت جب ان علاقوں کا بھی درجۂ حرارت بڑھے گا تو یہاں بھی یہ بیماریاں پھیلنے لگیں گی۔ ان بیماریوں کے علاج کے ضمن میں شہریوں پرجواضافی بوجھ پڑے گا وہ پہلے سے بدحال معیشت کو اور تباہ حال کردے گا۔ حرارت کا بڑھنا شہری گنجان علاقوں کے ساتھ ساتھ جزیروں  ساحلی علاقوں  نیم صحرائی علاقوں اور پہاڑی علاقوں کو بھی یکساں طور پر متاثر کرے گا۔ پاکستان جیسا غریب اورترقی پذیر ملک جہاں کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی بسر کرتے ہیں جہاں انسانوں کا خون پانی سے بھی ارزاں اور پینے کا صاف پانی جنس گراں مایہ بن چکا ہو  جہاں لمبی قطاروں میں لگ کر آٹا دال خریدنا پڑتا ہو وہاں   climate change سے پیدا ہونے والے ان مسائل پر کون توجہ دے گا اور اس سے کون نمٹے گا؟ بسا اوقات مایوسی کا شدید احساس ہر امید کو ڈسنے لگتا ہے!

پانی کے بعد زراعت ہمارا اہم ترین شعبہ ہے ۔ اگر ہم چاہیں تو اس سال اس حوالے سے بھی چند ایک اہم فیصلے کرسکتے ہیں۔ ہمارا زرعی شعبہ پانی کی کمی سے دوچار ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ہمارا ٪۹۰ پانی جوزراعت میں استعمال ہوتا ہے اس میں سے ۲۰ سے ۳۰ فیصد راستے ہی میں ضائع ہوجاتا ہے ۔ ہمیں اس ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے ۔  پاکستان کی زرعی فصلوں پر بھی دھیان دینا ہوگا۔ کیونکہ پانی کی بچت انتہائی ضروری ہے۔ ایسی فصلیں اگانا جس میں پانی کم استعمال ہو اور وہ منافع زیادہ دیں بہت ضروری ہوگا ۔ آنے والے وقتوں میں پرانی روایتی فصلیں اگانا بہت مشکل ہو جائے گا۔

 ہماری تقریبا ۶۰فی صد آبادی شہروں میں رہے گی اس لیے ضروری ہے کہ تمام ضروریات زندگی مثلا سبزیاں   پھل   جانوروں کی پرورش اور دیگر تمام سرگرمیاں شہروں کے قریب ہوں۔ اس سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات اور کاربن کا اخراج بھی کم ہو گا۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ میں درختوں کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ موجودہ جنگلات کے بچاؤ کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔کیونکہ موسمی تبدیلی سے سیلاب آئیں گے۔  اس کے لیے ہمیں مربوط منصوبہ بندی اور زون بنانے ہوں گے۔  یاد رہے کہ ان تمام تبدیلیوں اور خطرات کی زد میں ہمارا غریب اور مظلوم طبقہ ہی نشانہ بنے گااورزیادہ تر علاقوں سے غریب لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوں گے۔  اس کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ورنہ اس نقل مکانی کے بہت برے اثرات رونما ہو سکتے ہیں۔ پاکستان موسمی تبدیلیوں سے مکمل طور پر محفوظ نہیں رہ سکتا لیکن بروقت بہترین منصوبہ بندی سے اس کے اثرات کو کم سے کم کیا جاسکتا ہے۔

ان تمام اقدامات کے ساتھ ساتھ یہ بھی بہت ضروری ہے کہ ہم اپنی عوام کو بھی ذہنی طور پر ان آفات سے نمٹنے کے لیے تیار کریں۔  ہمارا میڈیا ایک بہترین ذریعہ بن سکتا ہے جو لوگوں کو آنے والے کل کے خطرات سے آگاہ بھی کرسکتا ہے اور بچاؤکے لیے راستے بھی بتا سکتا ہے۔ الیکٹرونک میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ اب سیاست اور سیاست دانوں کے دائرے سے باہر نکلے ۔  زندگی کے اور بھی بہت سے حقائق ہماری توجہ چاہتے ہیں۔  اگرچہ سرکاری سطح پر کوئی خوش آئند بات نظر نہیں آتی لیکن عدلیہ بحالی کی حالیہ تحریک کی کامیابی امید کے در وا کررہی ہے کہ اب پاکستان بدل رہا ہے۔  خدا کرے کہ اس بدلتے ہوئے پاکستان میں رہنے والوں کے دن بھی بدل جائیں! آمین۔


Sunday, February 22, 2009

ہمارا ماحول اور خواتین

ماحول کی بہتری کے لیے خواتین کو آگے لایا جائے

سال کا دوسرا مہینہ بھی دبے پاؤں گذر چلا، حکومت نے اس سال کو ماحول کا قومی سال قرار دیاہے۔  ان دو مہینوں میں دارالحکومت میں ایک پر تکلف ورکشاپ منعقد ہوئی ،غیر ملکی مندوبین سمیت ہمارے بھی چند ماہرین نے شرکت کی ۔ اخبارات میں لاکھوں روپے کے اشتہارات چھپے لیکن ابھی تک عام سطح یا عوام کے لیے کوئی ایک بھی ایسا کام یا اعلان سامنے نہ آسکا کہ جو عام آدمی کے لیے کوئی بہتری کا پیغام لاتا یا جو اس کا تعلق ماحول سے جوڑ سکتا۔  پاکستان میں قدرتی وسائل کا زیاں اورماحول کا انحطاط اس بگاڑ تک پہنچ چکا ہے کہ جہاں عام نوعیت کے اقدامات یا اعلانات سے شاید ہی بات بن سکے۔  عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت ماحول کی تباہی کی قیمت 365 ارب روپے سالانہ(مجموعی جی ڈی پی کا %6) ادا کررہی ہے یعنی ایک ارب روپے روزانہ ! ایک کمزور معیشت کے لیے یہ نقصان کتنا خطرناک ہے اس کااندازہ لگانے کے لیے کسی معیشت داں کی ضرورت نہیں ہے۔  پانی کی صفائی کے ناقص نظام، پانی کی آلودگی اور اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی صورت 112 ارب،زرعی شعبے کی بدحالی کی مد میں 70ارب ،گھریلو فضائی آلودگی کا نقصان 67ارب ،شہروں میں فضائی آلودگی 65ارب ،جبکہ چراگاہوں اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی پرتقریبا 7ارب روپے سالانہ ضائع ہوتے ہیں۔

 یہ وہ نقصان ہے جو ہم اپنی لاپرواہیوں ، غفلت اور کم علمی کے باعث برداشت کررہے ہیں دوسرے لفظوں میں یہ ہمارے اپنے اعمال ہیں جو اب پھل پھول رہے ہیں۔

دنیا بھر کے لیے ماحول اور خصوصا بدلتے موسم اب ایک ترجیحی مسئلہ بن چکا ہے اور اس کے روک تھام پر کام جاری ہے۔اگرچہ موسموں کے یہ بدلتے تیور اب کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے لیکن یہ بات کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ یہ بدلتے موسم خواتین کے لیے خصوصی پریشانی کا باعث بنیں گے۔موسم کی تبدیلی کو اگرچہ صرف ماحول کے حوالے سے جوڑا جاتا ہے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ یہ بدلتے موسم صرف ماحول ہی کو نہیں بلکہ دنیا بھر کی معیشت اور سیاسی منظرنامے کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے زیر اثردنیا کے ہر علاقے کی جغرافیہ ، ثقافت، رسوم و رواج ، معاشرت اور روایتی ذرائع روزگار سب بدل کر رہ جائے گا۔

انٹر گورنمنٹل پینل آن کلائیمیٹ چینج  (IPCC)کی رپورٹ کے مطابق بدلتے موسموں کا اثر دنیا کے مختلف حصوں ، نسلوں، پیشوں اور مختلف عمر کے افراد پر مختلف ہوگا اور اس کی کوئی نپی تلی پیش گوئی ممکن نہیں ہے۔ اس بات کی وضاحت یوں کی جاسکتی ہے کہ ماحول کی تبدیلی کے یہ اثرات دنیا کے ہر ملک پر مرتب ہوں گے لیکن زیادہ تباہ کاریاں ترقی پذیر ملکوں کے غریب عوام بھگتیں گے اور وسائل کی غیر مساویانہ تقسیم میں مزید ابتری نمایاں ہوگی ۔ معاشی خوش حالی ، تعلیم ،صحت و صفائی اور صاف پانی تک رسائی غریب کے لیے نا ممکن ہوجائے گی۔ غربت اور بدحالی ماحول پر شدید بدترین اثرات مرتب کرے گی۔ اگر خواتین اور غربت کا ماحول کے حوالے سے جائزہ لیں تو دنیا کے غریبوں میں خواتین کی تعداد 70 فیصد ہے۔ ماحولیاتی تغیر کا مرد اور خواتین مختلف انداز سے شکار ہوتے ہیں ۔ اس کا انحصار خواتین کی عمر حالات اور ثقافتی اقدار سے ہے لیکن بدقسمتی سے ماحول کے حوالے سے تمام پروگرام، پالیسیاں خواتین کا خیال اور ان کی شمولیت کے بغیر بنائی جاتی ہیں۔



 اس حوالے سے بہت سے اقدامات ضروری ہیں مثلا بدلتے موسموں کی مناسبت سے خواتین کی تربیت، مہارت اور وسائل کے استعمال کے حوالے سے ان کے علم میں اضافہ، پالیسی سازی اور فیصلوں میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانا تاکہ فیصلے زمینی حقائق کی بنیادوں پر ہوں۔
اب یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ دنیا کی فضا کو آلودہ کرنے والی گرین ہاؤس گیسیں ترقی یافتہ ممالک کی چمنیوں سے نکلتی ہیں۔ جبکہ سزا غریب یعنی ترقی پذیر ملکوں کو بھگتنا پڑتی ہے۔ اس لیے یہ لازم ہوجاتا ہے کہ خواتین پر ماحول کے بدلتے اثرات کے حوالے سے یہی امیر ممالک ضروری اقدامات کریں اورایسی حکمت عملیاں مرتب کریں جو خواتین کے لیے صورت حال کچھ بہتر بنا سکیں۔ لیکن پہل کون کرے؟ اور اپنے سر یہ الزام کیوں لے۔

عورت کے خمیر میں پروردگار نے محبت کا عنصر بہت زیادہ شامل کیا ہے۔ وہ محبت کے بغیر نہیں رہ سکتی۔  یہ محبت چاہے، اس کے ارد گرد موجود اس کے اپنوں سے ہو یا اپنی چیزوں سے ۔ ماحول اور قدرتی وسائل کی حفاظت اور محبت بھی اس کے لیے نئی یا انوکھی بات نہیں ہے۔  پاکستانی عورت تو خصوصا اپنے ماحول اور وسائل کے انتظام اور حفاظت میں مرد سے آگے ہے۔ فطرت نے عورت کو کفایت اور سگھڑاپا عطا کیا ہے۔  وہ ان وسائل کو سیلقے اور کفایت سے برتتی ہے۔ اس صنعتی دور کے آغاز سے پہلے قدرتی وسائل کے پیداواری کام میں اور انہیں برتنے میں عورتوں کا زیادہ ہاتھ تھا اور یہی وجہ تھی کہ اس وقت یہ کرہ ارض زیادہ محفوظ و مامون تھا ۔

یہ ایک طے شدہ امر ہے کہ خواتین اور قدرتی وسائل لازم و ملزوم ہیں۔  ماحولیاتی انحطاط کا خسارہ زیادہ تر خواتین ہی کو بھگتنا پڑتا ہے۔  جیسے جیسے قدرتی وسائل آلودہ یا کمیاب ہوتے چلے جاتے ہیں، خواتین کے مسائل بڑھتے چلے جاتے ہیں۔ قدرتی وسائل اور ماحولیاتی انحطاط سے بالواسطہ اور براہ راست خواتین ہی زیادہ متاثر ہوتی ہیں اور بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ماحولیاتی انحطاط کا عمل تیزی سے جاری ہے اور قدرتی وسائل کمیاب ہوتے چلے جا رہے ہیں۔

اس ماحولیاتی انحطاط میں اگرچہ عورت کا اتنا ہاتھ نہیں ہے لیکن پاکستانی معاشرے میں ماحول اور قدرتی وسائل کے انتظام و انصرام میں عورت کا کردار انتہائی اہم اور واضح ہے۔ وہ ان وسائل کی زیادہ اچھی محافظ ہے۔ یہ وسائل ہماری آئندہ نسلوں کی امانت ہیں لہٰذا ان کی حفاظت ہمارا فرض ہے اور آنے والی نسلوں کا خیال ایک ”ماں“ عورت سے زیادہ کون رکھ سکتا ہے۔

یہ عورت ہی ہے جس کی صبح مرد سے بہت پہلے اندھیرے میں طلوع ہو جاتی ہے۔ گھر کے تمام کام مثلا دور دراز دشوار گزار علاقوں سے ندیوں، چشموں اور کنوؤں سے ضروریات کے لیے پانی بھر کر لانا، مویشی چرانا، پھر ان کا دودھ نکالنے سے دہی اور لسی بلونے تک تمام کام عورت ہی کی ذمے داری ہے۔ گھر بھر کے لیے کھانا پکانے کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لیے چارے کا انتظام بھی اسی کی ذمے داری ہے۔ پانی صرف پینے کے لیے ہی نہیں بلکہ نہانے، کپڑے دھونے، بچوں اور بڑوں کے استعمال کے لیے پانی لانا اور مویشیوں کو پلانا بھی اسی کا کام ہے۔ گھر کے تمام کاموں کے ساتھ ساتھ کھیتوں کی تمام ہریالی بھی اسی کے محنتی ہاتھوں کی مرہون منت ہے۔ کھیتوں میں کام کے دوران اسے صحت سے متعلق بہت سے خطرات لاحق ہوتے ہیں مثلاً صوبہ سندھ میں کپاس کی فصل کو لیجیے۔ پورے سندھ بھر میں کپاس چننا عورتوں ہی کا کام ہے۔ آپ کو کہیں کوئی مرد کپاس چنتا نظر نہیں آئے گا۔ اس ضمن میں کئی افراد سے پوچھا گیا مگر وہ کوئی خاص وجہ نہ بتا سکے سوائے اس کے کہ یہ رواج ہے اور ہمیشہ کپاس عورتیں ہی چنتی ہیں۔ رواج سے قطع نظر شاید یہ وہ نازک کام ہے جو عورتوں کے ہاتھوں سے ہی بہتر انجام پا سکتا ہے۔ نرم و نازک ریشم جیسی روئی کو چننے کے لیے ریشم جیسے نازک ہاتھ ہی درکار ہیں۔ (دیہات کے مسائل زدہ، غربت اور بدحالی کے ہاتھوں ستائی عورت کے لیے صنف نازک، ریشم یا ملائم ہاتھوں کی اصطلاحات اس کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔) کیا واقعی مرد خواتین کی کوئی مدد نہیں کرتے؟ ہمارے اس سوال پر بڑا دلچسپ جواب ہمیں موصول ہوا ۔ کہا گیا کہ ”اگر کپاس چوری وغیرہ کروانی ہو تو پھر مردوں کی خدمات ہی حاصل کی جاتی ہیں۔

خواتین سے کام لینے کی ایک وجہ یہ بھی سمجھ میں آتی ہے کہ وہ انتہائی تیزی سے کام کرتی ہیں۔ مردوں کے مقابلے ان کا کام بہت تیز اور انتہائی مہارت سے انجام پاتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق پاکستان کے کپاس پیدا کرنے والے 9 بڑے اضلاع میں 26 لاکھ عورتیں کپاس چننے کے کام سے وابستہ ہیں لیکن اس ضمن میں ان کے سرگرم کردار سے قطع نظر ان کی محنت کا پورا پھل انہیں نہیں ملتا۔ وہ پورا سال کپاس کی چنائی کا انتظار کرتی ہیں تاکہ چند پیسے کما کر وہ چند اشیائے ضرورت خرید سکیں یا پھر ڈاکٹر سے دوائی لے آئیں۔ ان اشیا کا وہ عام دنوں میں تصور بھی نہیں کر سکتیں مگر افسوس ہیرا پھیری کے باعث انہیں اکثر کم اجرت دی جاتی ہے۔ اس کٹھن کام میں عورتیں اپنا پورا دن تپتی دھوپ میں کھیتوں میں کھڑے کھڑے گزار دیتی ہیں۔ اکثر ان کے کپڑے پھٹ جاتے ہیں۔ تیز دھوپ ان کی جلد کے لیے عذاب ثابت ہوتی ہے۔ عورتیں چوں کہ دن بھر کھیتوں پر گزارتی ہیں لہٰذا ان کے بچے بھی ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔ زمین پر پائے جانے والے کیڑے مکوڑے اور وہاں پھرنے والے جانور ان بچوں کے لیے خطرہ ہوتے ہیں لیکن اس سے بھی بڑا مسئلہ کھیتوں پر چھڑکے جانے والے کیڑے مار زہر ہیں۔ کپاس چوں کہ غذائی فصل نہیں ہے لہٰذا اس پر اندھا دھند زہریلی ادویات چھڑکی جاتی ہیں جس سے نہ صرف بچے بلکہ خواتین کی صحت بھی براہ راست متاثر ہوتی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق اندازاً ہر سال 20,000 افراد ان زہریلی دواؤں کے باعث لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ ترقی پذیر ممالک میں 60 تا 80 فیصد خوراک کی پیداوار عورتوں کی ہی مرہون منت ہے بلکہ کھیتوں پرکام کرنے والے مردوں کے آلودہ کپڑے دھونے، ان زہریلی ادویات کے ڈبے اور اوزار کی صفائی بھی عورتیں ہی کرتی ہیں۔ حاملہ خواتین ان دواؤں کے زہریلے اثرات سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ ان دواؤں کی آلودگی نہ صرف شکم مادر میں بچے کومتاثر کرتی ہے بلکہ کئی جگہوں پر تو ماں کے دودھ کے آلودہ ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ کہیں کہیں یہ زہریلی ادویات گھروں میں رہنے کے باعث اور بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ جہاں کسی بات پر غصہ آیا اور یہ دوا پی کر خود کشی کر لی۔  اس کے علاوہ کہیں ان زہریلی ادویات کو لوگوں نے اپنے مقصد کے لیے بھی استعمال کیا ہے جس عورت کو قتل کرنا ہو اس کا گلا دبا دیا بعد میں زبان پر یہ زہریلی دوا ڈال دی اور مرنے والی پر خودکشی کا الزام لگا دیا۔  تیسری دنیا کی محنت کش خواتین جہاں عدم تحفظ کا شکار ہیں وہاں ان کے کام کرنے کی جگہوں پر پائی جانے والی ماحولیاتی آلودگی بھی ایک بہت بڑا رسک ہے۔ صنعت کاروں اور زمیں داروں پر لازم ہے کہ پیسہ کمانے کے ساتھ ساتھ ان غریب محنت کشوں کی صحت اور زندگی کی حفاظت کا بھی خیال رکھیں۔

بدلتے موسم براہ راست عورت کی زندگی کو متاثر کرتے ہیں۔ جب ندی نالے سوکھ جاتے ہیں تو عورتوں کو پانی کی تلاش میں دور دور تک بھٹکنا پڑتا ہے اور یہ مبالغہ نہیں حقیقت ہے کہ بدین کے علاقے میں عورتوںکو پانی کے حصول کے لیے 4 کلومیٹر تک پیدل چلنا پڑتا ہے۔ ذرا دل پر ہاتھ رکھ کر محسوس کیجیے کہ پانی کے صرف دو مٹکوں کے حصول کے لیے 4 کلومیٹر تک پیدل تپتی دھوپ میں چلنا کس قدر عذاب ناک ہو گا اور پھر جہاں صرف پینے کے پانی کا حصول اس قدر دشوار ہو وہاں نہانے اور کپڑے دھونے کے لیے پانی کا کیا سوال؟ گویا پانی کی کمی عورت ہی بھگتے گی۔ مرد تو کہیں بھی کسی بھی ندی نالے میں نہا کر آجائے گا۔ اسی طرح جب جس گھر میں دودھ، دہی، مکھن اور شہد وغیرہ کی کمی ہو گی تو عورت ہی کی خوراک متاثر ہوگی ۔ مرد تو کہیں باہر کھا کر آجائے گا۔ماحولیاتی تبدیلیوں سے جنگلات بھی کم ہوتے جائیں گے جس کے باعث ایندھنی لکڑی کا حصول دشوار ترین ہو جائے گا۔ مویشیوں کا چارا نایاب ہوجائے گا اور اس زمین پر عورت کی زندگی اور اجیرن ہو کر رہ جائے گی۔شہر کی عورت کا کردار اس حوالے سے ہمیں کچھ مختلف اور حوصلہ افزا نظر آتا ہے۔ وہ دیہات کی عورت کے مقابلے میں بہت بہتر ماحول اور قدرے خود مختاری سے زندگی گذارتی ہے لہذا وہ اگر چاہے تو ماحول کی بہتری کے لیے چھوٹے پیمانے پر ہی لیکن اہم کام کرسکتی ہے۔ شہروں کا سب سے بڑا مسئلہ آلودگی ہے۔ عورت چاہے تو آلودگی سے بچاؤکے لیے کام کر سکتی ہے۔ پانی کا کم استعمال، کچرے کا مناسب بندوبست اس کے اپنے ہاتھ میں ہے۔  وہ اپنے ارد گرد موجود آبی ذخائر کو آلودگی سے بچانے کے لیے اہم کرار ادا کر سکتی ہے۔ گھروں میں کیڑے مار ادویات کا استعمال ختم کر سکتی ہے۔ اس کے متبادل کے طور پر گھریلو آسان ٹوٹکے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

شہری عورت ایک بہترین صارف بھی ہے۔ وہ اگر ایک سمجھ دار صارف کا کردار ادا کرے تو ہمارا ماحول بہت سی مشکلات سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ مثلاً خریداری کے لیے ٹن پیک اشیا کو مسترد کر دے۔ خریداری کے لیے شاپنگ بیگ کو مسترد کردے اور کپڑے کی تھیلی یا تنکوں کی ٹوکری کا استعمال خود بھی کرے اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دے ۔ یہ عمل ہمارے ماحول کو ”شاپنگ بیگ“ سے نجات دلا دے گا۔  اپنی اشیائے ضرورت کو اگر تھوڑا سا گھٹا لیں تو اس غریب ملک کی غربت تھوڑی سی کم ہو جائے گی۔ مثلاً اگر آپ کے ہاں چینی کا استعمال دو کلو ہے تو اسے کم کر کے ڈیڑھ کلو کر لیں۔ آپ کے اس اقدام سے کاشت کار کم گنا پیدا کرے گا۔  زمین کو تھوڑا سا آرام مل جائے گا۔ یاد رکھیے کہ آپ کے ہر عمل کے اثرات عالمی سطح تک جا پہنچتے ہیں۔ اس لیے یہ کہہ کر جان مت چھڑائیے کہ اس بگڑے ہوئے سسٹم میں ہم کیا کر سکتے ہیں۔ یقین جانیے کہ آپ بہت کچھ کر سکتے ہیں بلکہ آپ ہی سب کچھ کر سکتے ہیں۔

پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے سب سے پہلے یعنی 1994 میں موسمی تبدیلیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کی توثیق کی تھی۔ یہی نہیں بلکہ اس نے دیگر متعلقہ معاہدوں Protocol کی تصدیق بھی کردی تھی۔ اگرچہ پاکستان کے بعض اہم اور متعلقہ حلقوں کا خیال یہ ہے کہ موسمی تبدیلیوں کا صنف سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اور یہ مردو عورت پر یکساں ہوتے ہیں تو یہ بالکل غلط خیال ہے۔ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ Adaptability, Vulnerability اور Mitigation کے نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو موسم کی تبدیلیوں کے اثرات ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔


اس وقت پاکستان میں موسمی تبدیلیوں سے متعلق پالیسی پر کام جاری ہے تاہم پاکستان کو موسمی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت ایسی پالیسی وضح کرنے کو ترجیح دے جس میں اس بات کو تسلیم کیا گیا ہو کہ عورتوں اور مردوں پر مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں۔اس پالیسی کے عمل میں اگر عورتوں کو بڑے پیمانے پر شامل کیا جائے تو ایسی صورت میں فیصلہ سازی کے لیے جو مواد حاصل ہوگا اس میں ہر مکتب خیال کو موثر نمائندگی حاصل ہوگی اور تبھی شاید کوئی بہتری کی صورت نکل سکے۔ ماحول کے قومی سال 2009 کا تیسرا مہینہ شروع ہوچکا ہے وقت مٹھی میں بند ریت کی طرح پھسل رہا ہے اور مجھ سمیت کروڑوں لوگ انتظار کررہے ہیں کہ یہ سال جاتے جاتے وقت کی کتاب پرکچھ پکے رنگوں کے انمٹ اور یادگار نقوش چھوڑ جائے۔